محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے برٹش کونسل لاہور کے تعاون سے20 فروری، 2024کو سکول ہیڈزکے لیے ایک روزہ مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں محکمہ خصوصی تعلیم کی تمام فیلڈز کے ہیڈز کے علاوہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے بھی سکول ہیڈز نے حصہ لیا۔ اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد سپیشل ایجوکیشن سکولوں کے سربراہان کے قابلیتی معیارات کی تشکیل کرنا تھا۔ تاکہ اداروں میں تعلیمی و انتظامی امورکے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ سیشن کے آغاز میں محترمہ صائمہ سعید ،سیکرٹری خصوصی تعلیم پنجاب نے اداروں میں مثبت اصلاحات کے لیے ان معیارات کو لاگو کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ محترمہ صائمہ سعید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوۓ بتایا کہ پاکستان دیگر ممالک میں وہ واحد ملک ہے جو بڑے پیمانے پر خصوصی بچوں کو مفت صحت و تشخیص سے متعلق سروسز اور معاونی آلات مہیا کر رہا ہے تاکہ یہ بچے عام بچوں کی طرح ہی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوۓ کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ دونوں محکمے مل کر ان خصوصی بچوں کی تعلیم اورمعاشرے میں بحالی پر کام کریں اور اس کیلئے ضروری ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سپیشل ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ ایک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر تبادلہ خیال کریں اور ایسا لائحہ عمل تشکیل دیں جس سے کم شدت کی معذوری کا شکار بچوں کو جنرل ایجوکیشن سکولوں میں ہی تعلیم دی جا سکے۔
سیشن میں محترمہ آمنہ منیر ، ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن, محترمہ خدیجہ الکبریٰ ، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ،محترمہ رخسانہ عاصم , ایجوکیشن پروگرام مینیجر ,محترمہ خولہ منہاس, ڈپٹی ڈائریکٹر نصاب اور برٹش کونسل سے ڈاکٹر دانیہ قاضی نے بھی شرکت کی۔
یہ اقدام معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اور خصوصی تعلیمی اداروں میں مثبت تبدیلی لانےکے لیےمحکمہ خصوصی تعلیم پنجاب کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
20 Feb, 2024